اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پی پی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے امریکی کانگریس ارکان کے صدر جوبائیڈن کو خط پر ردعمل میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی مسلسل غیر ملکی مداخلت کو دعوت دے رہی ہے۔ امریکی ارکان کانگریس کا صدر جوبائیڈن کو خط یقینی آزادی بیانیے کے تابوت میں ایک اور کیل ہے۔ امریکی ارکان کانگریس کا خط پاکستان کے داخلی معاملات میں واضح مداخلت ہے۔ دوسرے ملک کے سیاسی و قانونی معاملات میں مداخلت بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہے، خط پاکستان کے سیاسی نظام کو عدلیہ کی خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے۔ تحریک انصاف کی امریکہ میں پاکستان کے خلاف لابنگ کی کوشش بھی قابل مذمت ہیں یہ وہی سیاسی جماعت ہے جو ماضی میں امریکی مداخلت پر بیانیہ بنا کر سیاست کرتی رہی ہے۔ تحریک انصاف کا اب خود ایسی مداخلت کا سہارا لینا دوہرا معیار ہے۔ خط خطرناک مثال بھی قائم کرتا ہے تاکہ کوئی ملک مداخلت کو جائز سمجھنے لگے۔مزید برآں پی پی رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ امریکی ارکان کانگریس کا خط پی ٹی آئی کے اپنے بیانیے کی نفی ہے، کیا کبھی امریکی کانگریس نے فلسطین میں انسانی حقوق کے لئے خط لکھا؟ کیا انہوں نے کبھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خط لکھا؟ ان کو فلسطین میں معصوم بچوں کو مارے جانا کیوں نظر نہیں آتا۔
ارکان کا نگریس کا خط ـحقیقی آزادی بیا نیئے میں ایک اور کیل : پیپلز پا رٹی
Nov 17, 2024