لاہور‘ اسلام آباد‘ کوئٹہ‘ نئی دہلی (لیڈی رپورٹر + نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں سموگ کی شدت برقرار ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں بدستور سرفہرست رہا۔ ائیر کوالٹی انڈیکس 570 پر ریکارڈ کیا گیا۔ سی ای آر پی آفس کا انڈیکس 1049 پر پہنچ گیا۔ ملتان 338 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ لوگوں سے گھروں پر رہنے اور ماسک لگانے کی اپیلیں بے سود رہیں۔ بہاولپور میں بچے اور نوجوان کھیلوں میں مصروف رہے۔ خلاف ورزیوں پر انتظامیہ کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ لاہور میں 24 صنعتی یونٹ سیل اور 21 مسمار کر دیئے گئے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کالام میں برفباری سے سردی بڑھ گئی۔ سیاحوں کی بڑی تعداد نے کالام کا رخ کر لیا۔ استور میں کہیں بارش کہیں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دیوسائی‘ برزی ٹاپ‘ راعا میڈوز میں ایک فٹ برف پڑ چکی ہے۔ وادی نیلم میں تیز بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جاگران ویلی سمیت دیگر علاقے برف سے ڈھک گئے۔ شاہراہ نیلم سمیت رابطہ سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک متاثر ہے۔ ہٹیاں بالا میں برفباری اور لیپہ سے پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہو گئی۔ کوئٹہ میں بھی موسم سرد اور خشک ہوگیا۔ کراچی میں بھی رات کو ہلکی خشکی ہونے لگی۔ دھند کے سبب پروازیں بھی بدستور متاثر ہوئی ہیں۔ سموگ سے بھارت میں بھی معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔ نئی دلی آلودگی کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔ دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا۔ حکومت نے پرائمری سکول بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تاج محل اور سیاحتی مقامات کو بھی دھندلا دیا ہے۔ بد ترین سموگ کے پیش نظر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے لاہور اور ملتان میں تمام یونیورسٹیز اور کالجز بند کردیئے ہیں اور تمام یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مری کے علاوہ پنجاب کے تمام سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں پابندیوں کا اطلاق 16 سے 24 نومبر تک نافذ العمل ہوں گے۔ صوبے میں چھٹی کی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی نے تمام شیڈولڈ امتحانات ملتوی کر دیئے۔ پنجاب یونیورسٹی نے تمام کلاسز کو آن لائن کرنے کی ہدایات کر دیں جبکہ انتظامی شعبہ کے تمام افسر اور ملازمین کو بھی ورک فرام ہوم اور یونیورسٹی امور سے متعلق تمام میٹنگز آن لائن منعقد کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کے ہیلتھ سینٹر میں عملہ کام کرتا رہے گا، صفائی اور مالی وغیرہ کو ضرورت پڑنے پر یونیورسٹی بلایا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی بارش ہوئی، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ جی ٹین سیکٹر میں ژالہ باری بھی ہوئی، محکمہ موسمیات نے رات کو ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی۔ اولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے جبکہ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، ڈی آئی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔