لاہور(کامرس رپورٹر) حکومت اور مالی ادارے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کیلئے خصوصی پالیسیاں تشکیل دیں اور ان کی مالی وسائل تک رسائی آسان بنائیں تاکہ یہ معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خواتین انٹرپرینیورشپ ڈے کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو لاہور چیمبر نے یونائیٹڈ بینک کے اشتراک سے منعقدکیا تھا۔ اس ایونٹ کے انعقاد کیلئے لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آمنہ رندھاوا اور فردوس نثار نے خصوصی کوششیں کیں۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد تھے جبکہ یونائیٹڈ بینک کے ڈسٹرکٹ ہیڈ سید عامر عباس، خواجہ وقاص، آمنہ محسن، طیب مسعود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خواتین کی قیادت میں کاروبار کو درپیش چیلنجز اور مواقع پراظہار خیال کیا۔ آمنہ رندھاوا نے کہا کہ خواتین انٹرپرینیورز کی مالی وسائل تک رسائی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ضرور ی ہے۔ انہوں نے ایسے حل پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو ان کی تیز تر ترقی یقینی بناسکیں۔