ڈپٹی کمشنر قصور کی زیر صدارت ہیلتھ کونسل ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اجلاس

Nov 17, 2024

قصور (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر قصور کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان کی زیر صدارت ہیلتھ کونسل بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں چیئر مین وزیر اعلیٰ مانیٹرنگ کمیٹی /رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری، ایم ایس بابا بلھے شاہ ہسپتال ڈاکٹر رانجھا زبیر، ڈی ایچ اے ڈاکٹر فیصل اقبال، ایکسئین بلڈنگ غلام عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر اور دیگر ہیلتھ کونسل کے ممبروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بابابلھے شاہ ہسپتال میں علاج معالجہ، طبی سہولیات و مفت ادویات کی فراہمی، انتظامی امور سمیت مختلف مسائل زیر بحث لائے گئے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولتوں کی فراہمی اور معیاری علاج کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان نے ہدایت کی کہ بابا بلھے شاہ ہسپتال میں سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر‘ہسپتال کی تزین وآرائش اور مشینر ی کی فنگشنلی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

مزیدخبریں