لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر،سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے قلات میں چیک پوسٹ پر ہونیوالے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت، امن اور قومی سا لمیت کیخلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس المناک واقعے میں 7 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا شہداء کی قربانیاں قوم کیلئے ہمیشہ باعث فخر رہیں گی۔دہشتگردی جیسے بزدلانہ ہتھکنڈے ہماری بہادر قوم اور اس کی جری افواج کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔یہ کارروائیاں ان عناصر کی ناکامی اور مایوسی کا مظہر ہیں،جو پاکستان کو ترقی اور امن کے راستے سے ہٹانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ ایسے حملے نہ صرف قومی اتحاد کو مزید مضبوط کرتے ہیں بلکہ دہشتگردوں کیخلاف ہماری جدوجہد کے عزم کو پہلے سے زیادہ مستحکم کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نہ صرف عسکری بلکہ سیاسی اور سماجی سطح پر بھی مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے مجرمان قانون کی گرفت سے بچ نہ سکیں۔