لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سموگ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ظہیر لیاقت نے صوبائی وزیر کو دھند و سموگ کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ دھند و سموگ کی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب عوامی سطح پر سموگ سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے سموگ سے بچا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء متاثرین روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ کے عالمی دن کے موقع پر صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے ریسکیو ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے متاثرین روڈ ایکسیڈنٹ اور انکی فیملیز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاحکومت پنجاب متاثرین ایکسیڈنٹ کو فوری ریسکیو سروسز کی فراہمی کیلئے ہر دم کوشاں ہے۔مشکل ترین حالات میں فوری ایمبولینس، فائر سروسز، موٹر بائیک سروس و ائیر ایمبولینس سروسز کی فراہمی پر ریسکیؤرز خراج تحسین کے مستحق ہیں اور ہم موٹر بائیک رائیڈرز کو اپنی سپیڈ کم رکھنے اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاپنجاب ایمرجنسی سروس اب تک 48 لاکھ سے زائد متاثرین ایکسیڈنٹ کو ریسکیو سروسز فراہم کر چکا ہے۔ ریسکیو روزانہ 1200 سے زائد ایکسیڈنٹ پر ریسکیو سروسز فراہم کرتا ہے۔