لاہور (لیڈی رپورٹر) سیالکوٹ کے علاقے موترہ میں سسرالیوں کے ہاتھوں بہو کے لرزہ خیز قتل میں ملوث تینوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ چند دن قبل پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک زارا نامی خاتون اپنے سسرال سے لاپتہ ہو گئی ہے۔ ڈی ایس پی ڈسکہ اور ایس ایچ او موترہ کی قیادت میں پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور خاتون کی نعش کے ٹکڑے برآمد کر لیے جو ملزمان نے ایک نالے میں پھینک دئیے تھے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان، جن میں ساس، نند اور نند کا بیٹا شامل ہیں، نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی اور چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا ایسے واقعات میں ملوث افراد کو نہ صرف قانون کی سخت گرفت میں لانے کی ضرورت ہے بلکہ ہمیں معاشرتی رویوں کو بھی تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ زارا کے ساتھ ہونیوالا ظلم صرف ایک جرم نہیں بلکہ ہماری سماجی بے حسی اور جذباتی ادم برداشت کو ظاہر کرتا ہے، خاص طور پر یہ امر افسوسناک ہے کہ یہ واقعہ مردانہ تشدد کے بجائے خواتین کے ہاتھوں ہوا۔حنا پرویز بٹ نے کہا اس گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی کیونکہ قانون کی بالادستی سے ہی جرائم میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
سسرالیوں کے ہاتھوں بہو کے قتل کا لرزہ خیز واقعہ، حنا پرویز بٹ نے کڑی سزا کی یقین دہانی
Nov 17, 2024