ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا فوکس صرف جلسے اور جلوسوں پر ہے، جلسے اور جلوسوں سے قیدی رہا نہیں ہوتے۔ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ کے پی کا گھمبیر مسئلہ لا اینڈ آڈر ہے اور صوبائی حکومت امن وامان کے حوالے سے مکمل ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس صرف جلسے جلوسوں پر ہے اور ان کا خیال ہے کہ ایسے عمل سے انکا بانی رہنما رہا ہو جائے گا۔ کے پی کے عوام اور ان کے وسائل احتجاج و جلسوں میں استعمال ہورہے ہیں، صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں میں تنخواہیں نہیں دی جارہیں، کے پی میں روز فوجی جوانوں کے جنازے اٹھا رہے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ فوج صوبے سے نکل جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پر مکمل اعتماد ہے لیکن جو سہولت فوج کے پاس ہے وہ پولیس کے پاس نہیں، دلیل اور دلائل سے وفاق سے پیسے لیں، بدمعاشی سے صوبے کو کچھ نہیں ملنے والا۔ گورنر نے اعلان کیا کہ ڈی آئی خان میں جلد بلاول بھٹو لفٹ کینال کا افتتاح کریں گے جس سے سبز انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے دہشت گردی کا مقابلہ منصوبہ بندی کے ساتھ کریں۔
جلسے جلوسوں سے بانی پی ٹی آئی دیگر قیدی رہا نہیں ہونگے: فیصل کریم کنڈی
Nov 17, 2024