اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ اور باہر موجود تمام قیادت کمپرومائز ہے۔ پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کی اگلی صفوں اور سینٹ میں بیٹھے تمام افراد دو نمبر ہیں۔ 26 ویں آئینی ترمیم میں انہوں نے ایک دوسرے کو پکڑوایا ہے کیونکہ پیسے لئے ہوئے تھے جو ملک سے مخلص نہیں وہ کسی اور کے ساتھ کیسے مخلص ہو سکتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی خود تمام عمر دو نمبری کرتے رہے ہیں جو بار بار کہتا ہو کہ ہینڈلر سے بات کروں گا، اس سے بڑا دو نمبر کون ہو گا لوگ ایسی باتیں چھپاتے ہیں وہ خود کہتا ہے میں ان کے ساتھ سیٹ ہونا چاہتا ہوں۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے معاملے میں کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتا۔ امریکہ میں کانگریس پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ بھی تیزی سے نمٹا گیا تھا۔ پاکستان میں 9 مئی کو ایسی تنصیبات پر بھی حملہ کیا گیا جن پر صرف بھارت کے حملے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ پی ٹی آئی تو بھارت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ پی ٹی آئی والے اب بھی دہشت گردی کی وارداتوں کی مذمت نہیں کرتے۔