غزہ؍ بیروت (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج کے لبنان اور غزہ میں فضائی حملے جاری ہیں۔ لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں 26 گھنٹوں میں 59 افراد شہید ہو گئے۔ عالمی ادارہ صحت نے شہری دفاع کے مراکز پر حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے حملے اب معمول بنتے جا رہے ہیں حملے میں طبی عملے کے بارہ کارکن مارے گئے۔ شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 37 فلسطینی شہید ہو گئے۔ حزب اللہ کی جانب سے داغے جانے والے ڈرونز میں سے ایک ڈرون اسرائیلی شہر نہاریا کی ایک عمارت سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں عمارت کی بالکونی کو معمولی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیلی شہر جلیلی پر 20 راکٹ داغے، جن میں سے کچھ کو ناکام بنا دیا گیا۔ حزب اللہ کے حملوں کے باعث اسرائیلی شہر حیفہ سمیت دیگر مقامات پر خطرے کے سائرن گونجنے لگے اور ان مقامات پر موجود اسرائیلی شہری خوف و ہراس کا شکار ہوگئے اور فوری طور پر مختلف جگہوں پر بنائے گئے زیرزمین بنکرز میں چھپ گئے۔ علاوہ ازیں عراق کی مزاحمتی تنظیم نے بھی اسرائیل کے شہر ایلات پر ڈرونز داغنے کا دعوی کیا ہے۔مفتی اعظم فلسطین ڈاکٹر محمود یوسف نے کہا ہے کہ غزہ میں مظلوم فلسطینی ظلم کا شکار ہیں۔ اقوام عالم اسرائیلی ظلم پر خاموش ہے، امت مسلمہ کو یکجا ہو کر مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا۔ مرکز حدیبیہ پتوکی میں کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہاکہ غزہ میں مسلمانوں پر اسرائیل کے مظالم جاری ہیں۔ ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔