گستاخانہ فلم دنیا کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے: بلونت سنگھ

Oct 17, 2012

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ورلڈ سکھ مسلم کمیونٹی کے مرکزی رہنما گرودوارہ بابا گورونانک ننکانہ صاحب کے سردار بلونت سنگھ نے کہا کہ عالمی برادری دنیا بھر میں قیام امن کےلئے صرف زبانی کلامی جمع تفریق کرنےکی بجائے حقیقی کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں آج تک بے سود ہی ثابت ہوئی ہیں۔ گستاخانہ فلم ناقابل معافی جرم ہی نہیں بلکہ دنیا کے امن کو سازش کے تحت تباہ و کرنے کی گھناﺅنی جسارت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت سائیں رنگ علی سرکار کے سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر اتحاد بین المذاہب ہم آہنگی امن کانفرنس میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے ہمیں یہاں پر اپنے مذہبی عقیدے کے مطابق ہر طرح کی مکمل آزادی ہے ہم بھی اپنے مسلمان بھائیوں کے دکھ درد میں ان کے ساتھ ہیں لیکن ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی صرف تنقید کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے برداشت کے فروغ کو عام کرنا ہو گا۔ ڈی سی او شیخوپورہ محترمہ مس کرن خورشید نے کہا کہ اتحاد بین المذاہب ہم آہنگی نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی جانب سے عالمی برادری کو ایک پیس فل پیغام دیا گیا ہے کہ انبیاءاکرامؑ کی توہین ہر گز برداشت نہیںکریں گے۔ تقریب عرس و امن کانفرنس کے روح رواں خادم اعلیٰ دربار حضرت سائیں رنگ علی سرکار میاں محمد اسلم جلال نے کہا کہ محسن انسانیت رحمت دوجہاں حضرت محمد مصطفی کی ذات اقدس نے دنیا بھر کے تمام مذاہب کو امن و سلامتی، باہمی اتحاد و اتفاق اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا دین اسلام کا آفاقی پیغام دیا ہے لیکن بدقسمتی سے شیطانی سوچ کے حامل قوتوں نے اقوام عالم میں افراتفری پھیلانے اور انبیائؑ کی توہین کرنے کے لئے خاکوں اور گستاخانہ فلم کا سہارا لے کر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔ ڈاکٹر قیصر شہزاد نے اپنے خطاب میں کہا دنیا بھر کی مسیح برادری گستاخانہ فلم کی صرف مذمت کرتی ہے۔ طاہر شہزاد کمبوہ ایڈووکیٹ نے کہا صرف احتجاج اور مذمت کرنے سے عالمی ضمیر نہیں جاگے گا۔ ہندو برادری کے رہنما ہری لال شاستری نے کہا کہ ہم ایسی ناپاک جسارت پر سراپا احتجاج ہیں۔ تقریب کے صدر حاجی محمد سعید اور سیکرٹری جنرل پی ایف این اے محمد طاہر قادری نے کہا کہ انبیاءاکرامؑ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ جان بوجھ کر عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔ شرکا اور اقلیتی برادری کے رہنماﺅں نے خادم دربار و منتظم اعلیٰ میاں اسلم جلال کو امن کانفرنس کی شاندار انعقاد پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں