کراچی (خصوصی رپورٹر) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم، پاکستان میں غریب و متوسط طبقہ کی قیادت کا انقلاب لانا چاہتی ہے تاکہ پاکستان سے رشوت ستانی، کرپشن اور اقربا پروری کا خاتمہ اور انصاف و قانون کا بول بالا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم لاہور زون کے دفتر میں ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ، ایم کیو ایم میں آپ کی شمولیت کو مبارک ثابت کرے۔ انہوں نے کہا پاکستان انتہائی نازک دورسے گزر رہا ہے، ملک کی سلامتی و بقا خطرے میں ہے، ان کٹھن حالات میں بھی ایک طبقہ پاکستان کو توڑنے کی سازشیں کر رہا ہے جبکہ ایم کیو ایم ملک کو جوڑنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ الطاف حسین نے ملالہ یوسف زئی کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے اللہ تعالیٰ کے احکام اور رسول کریم کی تعلیمات کے مطابق علم کے فروغ کی بات کی ہے۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے شہید ملت خان لیاقت علی خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خان لیاقت علی خان کی شہادت پاکستان کی تاریخ کا المناک سانحہ ہے۔ انہوں نے صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے مطالبہ کیا کہ شہید ملت خان لیاقت علی خان کے قتل کی تحقیقات عوام کے سامنے لائی جائیں۔