اسلام آباد (ثناءنیوز) جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ مین مہران گیٹ سیکنڈل کیس کی سماعت کے دوران بیان حلفی جمع کرا دیا گیا جس میں آئی ایس آئی کی جانب سے جماعت اسلامی کو رقوم کی فراہمی کے دعوے کی تردید کی گئی ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان فرید احمد پراچہ کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی رضا کارانہ طور پر اس مقدمہ کی سماعت میں حصہ لے رہی ہے۔ فرید پراچہ نے موقف اختیار کیا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی نے مبہم اور غیر واضح انداز میں جماعت اسلامی پر الزام لگایا ہے کہ اس نے آئی ایس آئی کی معرفت 1990ءکے عام انتخابات میں اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جے آئی) کا حصہ ہونے پر 50 لاکھ روپے وصول کئے۔ جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری کا کہنا ہے کہ وہ اسد درانی کے اس الزام کو من گھڑت غلط اور بے بنیاد سمجھتے ہوئے اس کی صحت سے انکار کرتے ہیں۔