لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما، آل انڈیا مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل اورپاکستان کے پہلے وزیراعظم قائد ملت لیاقت علی خان شہیدکا 61واں یوم شہادت لاہور سمیت ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ ہائی کورٹ لاہور کے ہال میں معروف مسلم لیگی رہنما خواجہ محمود احمد ایڈووکیٹ کی صدارت میں وکلاءکا تعزیتی اجلاس ہوا جس میں مقررین نے لیاقت علی خانؒ کی تحریک پاکستان کے دوران بے پناہ ولولہ انگیز جدوجہد اور قائدانہ کردار، پاکستان کے لئے انکی لازوال خدمات اوروزارت عظمیٰ کے دوران اہم کارناموں پر روشنی ڈالی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین میں ظفر احمد گوندل، رانا احمد سعید، شبنم اسلم ناگی، عبدالوحید ملک، لیاقت پنوں و دیگر شامل تھے۔ شرکا میں وکلا کی بڑی تعداد شامل تھی جن میں زمزن قریشی، ابن حسن، شیخ انوارالحق، محمود الحق تھانوی، محمد انور جوئیہ، رانا محمد لطیف، سعید احمد ترمذی نمایاں تھے۔ دریںاثناءمسلم لیگ ہمخیال کے زیراہتمام لیاقت علی خاںؒ کے یوم شہادت کے موقع پر پارٹی سیکرٹریٹ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں چوہدری ناصر محمود سمیت دیگر مقررین نے شہید قائد ملت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ کراچی میں بابائے قوم کے پہلو میں سپردخاک شہید ملت کے مزار پر فاتحہ خوانی کرکے ان کی مغفرت کیلئے دعائیں کی گئیں جبکہ صبح سے ہی بڑی تعداد میں عوامی‘ سماجی تنظیموں کے رہنماﺅں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دی اور شہید ملت کی مغفرت کیلئے دعا کے ساتھ ساتھ ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
قائد ملت لیاقت علی خانؒ کا 61 واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا
Oct 17, 2012