لاہور (آئی اےن پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باﺅلر جنید خان نے کہا ہے کہ سو ٹیسٹ میچ کھیلنامےرا ہدف ہے۔غےرملکی نشرےاتی ادارے کو انٹروےو مےں جنید خان کا کہنا تھا کہ وہ تینوں فارمیٹس کھیلنے کے خواہش مند ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سو ٹیسٹ وہی کھیلتا ہے، جس کی کارکردگی میں تسلسل ہو اور میں بھی فاسٹ باﺅلنگ میں عظیم وسیم اکرم اور عمران خان کے نقش قدم پر چلنا چاہتا ہوں تاکہ جب کرکٹ چھوڑوں تو لوگ مجھے بھی انہی کی طرح یاد رکھیں۔جنید خان نے اپنا بین الاقوامی کیریئر گز شتہ برس دورہ ویسٹ انڈیز میں شروع کیا تھا۔ اب وہ ایک سال میں چھیالیس انٹرنیشنل وکٹیں لینے کے بعد پاکستانی باﺅلنگ کا اٹوٹ انگ بن چکے ہیں۔ حال میں برطانوی کانٹی کی جانب سے پچھتر ہزار پاونڈ کے معاہدے کی پیشکش ٹھکرانے والے جنید خان کا کہنا تھا کہ میری خوش قسمتی تھی کہ مختصر وقت میں عزت اور شہرت مل گئی۔ مدثر نذیر نے ایک میچ میں چار وکٹیں لینے کی شرط پر مجھے نیشنل اکیڈمی میں داخلے کا وعدہ کیا تو میں نے پانچ وکٹیں لے لیں، جس کے بعد کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔شاندار کارکردگی کے باوجود ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ سے ڈراپ ہونے پر کوئی مایوسی نہیں ہوئی کیونکہ میڈیا اور عوام کا میرے لیے آواز اٹھانا باعث فخر تھا۔