لاہور میں ڈینگی سے پہلی ہلاکت، نوجوان دم توڑ گیا، وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی

لاہور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں)  لاہور میں ڈینگی سے پہلی ہلاکت سامنے آ گئی اور شالیمار ٹائون کا رہائشی نوجوان ڈینگی کے باعث دم توڑ گیا جبکہ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 386 ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ڈینگی سے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا ہے اور رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شالیمار ٹائون لاہور کا 24  سالہ اویس  سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ ایک ہفتہ قبل اسے ہسپتال لایا گیا تھا۔ ہسپتال انتظامیہ  نے ڈینگی سے نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈینگی کے مرض کے باعث ایک نوجوان کے جاں بحق ہونے کی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جان سے قیمتی کوئی چیز نہیں اور انسانی زندگیوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے لہٰذا متعلقہ ادارے انسداد ڈینگی پلان پر متحرک اور فعال انداز میں کام کریں، اس ضمن میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں جائے گی۔ علاوہ ازیں 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں 32 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 30 کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے سروسز ہسپتال میں ایک نوجوان مریض اویس کی مبینہ طور پر ڈینگی سے ہلاکت کے بارے میں کہا ہے کہ اویس کی موت کی وجہ ڈینگی کو قرار دینا قبل از وقت ہے۔ ادھر سوات میں مزید 10 افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہو گئے جنہیں سیدو شریف ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ دوسری طرف شانگلہ میں ڈینگی وائرس نے موسم سرما شروع ہوتے ہی اپنی وار شروع کر دی، بشام میں سال کا پہلا کیس سامنے آ گیا۔ پچھلے سال بشام شہر میں ایک ہزار سے زائد مریض ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے اور تین افراد موذی مرض سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...