لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو فٹ قرار دیدیا گیا، جلد امارات میں قومی ٹیم کو جوائن کرینگے۔ محمد حفیظ گذشتہ تین روز سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کر رہے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجر سپورٹس میڈیسن ڈاکٹر سہیل سلیم محمد حفیظ کا بیٹنگ پریکٹس کے بعد زخمی ہاتھ کا معائنہ کیا جس کے بعد انہیں فٹ قرار دیکر رپورٹ پی سی بی کو بھجوا دی۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے محمد حفیظ کو ہدیات کی کہ وہ اگلے چند روز تک بیٹنگ اور فیلڈنگ کے دوران سپورٹ کا استعمال کرتے رہیں۔ پی سی بی کا ٹیم کے دیگر زخمی ہونے والے کھلاڑیوں جنید خان اور وہاب ریاض کے بارے میں کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی انجریز کی نئی رپورٹ آنے کے بعد بتایا جائے گا کہ جنید خان اور وہاب ریاض کو فٹ ہونے میں کتنا وقت درکار ہوگا۔