پاکستان، ترکی ایک دوسرے کی طاقت، دوستی آزمائشوں پر پوری اتری ہے : داؤد اوگلو

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) ترکی کے وزیراعظم پروفیسر ڈاکٹر احمد داؤد اوگلو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔وہ انقرہ میں وزیر تجارت خرم دستگیر کی قیادت میں ان کے ساتھ ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے اعلامیہ کے مطابق ترک وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات کی جڑیں تاریخ میں پیوستہ ہیں۔ پاکستان کا استحکام اور مضبوطی ترکی کی مضبوطی ہے۔ ترکی کے وزیراعظم نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور  کہا وہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ سٹرٹیجک آپریشن کونسل کے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کریں گے۔ خرم دستگیر خان نے ترکی کے وزیراعظم کو پاکستان میں معیشت کو نجی شعبہ میں دینے اور معاشی استحکام کے لئے  اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی منڈیاں ترک سرمایہ کاروں کی منتظر ہیں، پاکستان دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو 2ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے کوشاں ہے، حکومت پاکستانی معیشت میں لبرل اصلاحات لا رہی ہے جس سے سرمایہ کاری میں آسانی اور سرمائے کو قانونی تحفظ حاصل ہو گا، ترکی کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو کامیاب معاشی تعلقات میں بدلیںگے، ترکی سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے خواہاں ہیں، پاکستان میں زراعت، ڈیری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سٹینڈرڈائیزیشن، انفراسٹرکچر، بینکنگ، میونسپل سروسز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے ترک سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کی طاقت ہیں اور ترکی دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافے کیلئے انتہائی سنجیدگی سے کام کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے پندرھویں پاک ترک مشترکہ وزارتی کمیشن کے اختتامی اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں ترک خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے کہا ترکی کی توانائی کمپنیاں پاکستان کے بجلی کے نظام کی تنظیم نو کریں ،پاکستان سرکاری توانائی کمپنیوں کے کچھ شیئر مارکیٹ میں فروخت کر رہا ہے۔دریں اثناء پاکستان اور ترکی کے معاشی منتظمین نے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ترک پاکستان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 15ویں اجلاس کے آخری روز اس حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال اور اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان اور ترکی کے وزیر ماحولیات ادریس گلیس نے جوائنٹ اکنامک کمشن کی مشترکہ صدارت کی۔ 15ویں سیشن کے منیٹس معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر خرم دستگیر نے کہا دونوں ممالک کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلہ ، سٹینڈرائزیشن اور سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں وزرائے اعظم کی جانب سے طے کردہ 2 ارب ڈالر کے سالانہ تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کیلئے ہمیں کوششوں کو تیز کرنا چاہئے۔
ترکی

ای پیپر دی نیشن