پی ٹی وی پر حملہ: عدالت نے رات ایک بجے ایف آئی آر منگوا کر تمام ملزمان کو رہا کر دیا: آئی جی اسلام آباد

Oct 17, 2014

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)  قومی اسمبلی  کی قائمہ کمیٹی اطلاعات  کا اجلاس  ماروی میمن کی زیر صدارت  ہوا۔ آئی  جی پولیس طاہر عالم نے کمیٹی  کو بتایا کہ پی ٹی وی پر حملے  میں  ملوث 12 لوگ گرفتار کئے گئے ہیں۔ 7  افراد کا تعلق عوامی تحریک سے ہے، گرفتار کئے گئے تمام ملزمان نے اعتراف  جرم بھی کر لیا ہے۔ 3 افراد کا تعلق  تحریک انصاف،  ایک مجلس وحدت المسلمین اور ایک کا تعلق  سنی کونسل سے ہے۔  وزیر اطلاعات  پرویز رشید نے آئی جی سے  استفسار کیا کیا گرفتار افراد نے بتایا کہ انہیں حملے پر کس نے اکسایا؟  طاہر القادری نے مبارک دی اور کہا کہ مقصد پورا ہو گیا۔  کیا لیڈرز کے خلاف پرچہ درج کیا گیا؟  حملہ کرنے والے ٹیکنیکل  آلات  کے بارے میں جانتے تھے اور تربیت یافتہ تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے جواب دیا کہ ایف آئی آر  میں  قیادت  کو نامزد کیا گیا ہے۔ ماروی میمن  نے پوچھا  کہ پی ٹی وی  کی حفاظت  کے لئے فوج کیوں نہ آئی۔ ایم  ڈی  پی  ٹی وی  نے کہا کہ ہم نے  وزارت داخلہ کو درخواست کر  دی تھی۔  ایڈیشنل  سیکرٹری  داخلہ  نے کہا کہ ہم نے درخواست فوج کو بھجوا دی تھی۔  آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ رات ایک بجے عدالت نے ایف آئی آر منگوا کر  تمام ملزمان کو  رہا کر دیا تھا۔  پرویز رشید نے کہا کہ یہ بھی دیکھا جائے کہ رات کو کیوں عدالت لگا کر ملزمان کو چھوڑا گیا جب کہ ان کی فوٹیج  بھی موجود تھی۔  کسی خطرناک  ملزم کو رات ایک بجے عدالت لگا کر آج تک سزا نہیں دی گئی۔  یہ بھی دیکھنا چاہئے کہ جوڈیشل  سسٹم  اپنی پولیس کو تحفظ دینے میں بھی ناکام رہی۔

مزیدخبریں