روس سے معاہدہ بڑی کامیابی‘ وزیراعظم خود مانیٹرنگ کریں: غیاث پراچہ

Oct 17, 2015

لاہور (نیوز رپورٹر) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے پاکستان اور روس کے مابین کراچی سے لاہور تک گیس پائپ لائن معاہدے کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخ ساز فیصلے سے ملک میں توانائی بحران کم کرنے میں مدد ملے گی۔ 1100 کلومیٹر طویل پائپ لائن سالانہ 12.4 ارب مکعب میٹر گیس کی ترسیل کو ممکن بنائیگی جس میں سے نصف سے 3600 میگاواٹ بجلی بنائی جائیگی جبکہ نصف سے پنجاب میں سی این جی، فرٹیلائیزر اور صنعت کو گیس کی مسلسل سپلائی یقینی بنائی جائیگی۔ حکومت فوری طور پر 1000 ارب مکعب فٹ کی استعداد رکھنے والے دو مزید ایل این جی ٹرمینل بنائے جبکہ گیس کی تقسیم قابل اطمینان بنانے کیلئے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے۔ وزیراعظم یا وزیر پٹرولیم اس معاہدے کی خود مانیٹرنگ کریں تاکہ اس میں رکاوٹ نہ ڈالی جا سکے اور یہ وقت پر مکمل ہو کر ملکی معیشت میں انقلاب برپا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پائپ لائن کی تعمیر سے متعلق تمام اداروں سے سازشی، کرپٹ اور نااہل عناصر کو فارغ کیا جائے اور گیس کمپنیوں کو ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن بڑھتے ہوئے نقصانات کم کرنے کا حکم دیا جائے جو منصوبہ کی کامیابی کیلئے ضروری ہے۔

مزیدخبریں