مودی کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے‘ امریکہ افغانستان سے فوج نکالے: سراج الحق

Oct 17, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اوباما خطے کو پرامن دیکھنا چاہتے ہیں تو افغانستان سے فوجیں نکالنے کا اعلان کریں، جب تک ایک بھی نیٹو فوجی موجود ہے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مودی خطے پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے مگر اسے سمجھ لینا چاہئے کہ پاکستان 1948ء والا پاکستان نہیں بلکہ ایک ایٹمی قوت ہے اگر مودی نے جارحیت کی غلطی کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ حکمران بھارت کو سر پر چڑھانے سے باز رہیں۔ دوستی کی باتیں، فنکاروں کے تبادلے اور کرکٹ ڈپلومیسی کشمیر کی جدوجہد آزادی سے غداری ہے۔ جن مقاصد کیلئے پاکستان حاصل کیا تھا اشرافیہ نے آج تک انہیں پورا نہیں ہونے دیا، جن سیاسی پنڈتوں اور برہمنوں نے ملک کو موجودہ حالات سے دوچار کیا اور عوام کا خون چوسا ہے وہ قوم کے مجرم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی سون نوشہرہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اسلامی و خوشحال پاکستان کا ایجنڈا تمام مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن مافیا سے نجات کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

مزیدخبریں