کوئٹہ+ پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) لورالائی میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے پیش امام کو قتل کردیا۔ پشاور میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ سکول کی عمارت سے 6 خودکش جیکٹس، 8 ڈیٹونیٹرز اور 18 کلوگرام بارود کا مواد برآمد کر لیا گیا جبکہ پولیس نے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ادھر لورالائی کے علاقے محمد ان گلی میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر پیش امام محمد سلطان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب میں حساس ادارے اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے تین ٹارگٹ کلر سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفتیش کے دوران گرفتار افراد نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا جبکہ دہشت گردوں کی نشاندہی پر سیٹلائٹ ٹائون میں کالعدم تنظیم کے مدرسے پر چھاپہ مارکر مزید 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ادھر شولگرہ چارسدہ میں حساس ادارے نے کارروائی کرکے ایک ملزم گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ علاوہ ازیں لورالائی کے علاقے میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ جس میں 13 راکٹ لانچر، 11فیوز، 2 اینٹی ٹینک مائنز، 10اینٹی پرسنل مائنز، 19ڈیٹونیٹر، ایل ایم جی کے ہزاروں رائونڈز اور ایک سولر پینل شامل ہے۔ علاوہ ازیں حساس اداروں نے چارسدہ میں کارروائی کرکے مسجد کے ایک پیش امام کو گرفتار کر لیا۔ پیش امام کے قبضے سے بارودی مواد اور بموں کے 3ریموٹ کنٹرول برآمد ہوئے ہیں۔
لورالائی : پیش امام قتل، پشاور میں سکول سے 6 خودکش جیکٹیں، بارود برآمد
Oct 17, 2015