ننکانہ صاحب (نامہ نگار) بھارت میں سکھوں کی مذہبی کتاب گوروگرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے خلاف ننکانہ صاحب میں سکھوں کا شدید احتجاج، گورودوارہ جنم استھان سے گورودوارہ تنبو صاحب تک احتجاجی ریلی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں سکھوں کی مقدس کتاب گوروگرنتھ صاحب جسے سکھ قوم اپنا گیارہ گورو مانتے ہیں کی بے حرمتی کیخلاف جہاں بھارت میں سکھ قوم مشتعل ہے وہی ننکانہ صاحب میں بھی سکھ قوم میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جارہی ہے۔ مقامی سکھ سنگت نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کے سامنے بھارت کے اس فعل کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ بھارت حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سردار گوپال سنگھ چاولہ ودیگر سکھ رہنمائوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بھارت میں ہونیوالی بے حرمتی کے خلاف پوری سکھ قوم سراپا احتجاج ہیں۔ بھارتی حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فی الفور مناسب اقدام کرے۔ بعدازاں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے گورودوارہ تنبو صاحب تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مقامی سکھوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے مختلف کتبے اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر واقعہ کی شدید الفاظ میںمذمت اور بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
بھارت میں مذہبی کتاب کی بے حرمتی کیخلاف ننکانہ صاحب میں سکھوں کا مظاہرہ، ریلی
Oct 17, 2015