لاہور (سٹاف رپورٹر) جوہر ٹائون کے علاقہ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ شاہ دی کھوئی کے رہائشی محنت کش اسلم نے مکان کرائے پر لے رکھا تھا۔ گزشتہ روز اچانک مکان کی چھت گر گئی جس سے اسلم کا 5 سالہ بیٹے عثمان سمیت 14 سالہ احمد اور 55 سالہ حاجی امین نامی شخص شدید زخمی ہو گئے۔ چھت گرنے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں 5سالہ عثمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ بچے کی ماں پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ ننھے پھول کی ہلاکت پر علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔