وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس آرمی چیف بھی شریک‘ نیوکلیئر معاملات : امریکی قیادت کو اصولی موقف سے آگاہ کرنیکا فیصلہ

Oct 17, 2015

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے آئندہ دورئہ امریکہ کے ایجنڈا کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں، مشیرقومی سلامتی سرتاج عزیز، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور دوسرے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد افغانستان کی بگڑتی صورتحال کے پاکستان پر اثرات اور وزیراعظم نواز شریف کے مجوزہ دورئہ امریکہ کے دوران پاکستان امریکہ بات چیت کے موضوعات پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم کے دورئہ امریکہ میں بھارت کی طرف سے پاکستان کے اندر کارروائی اور اسکے ثبوت امریکہ کے حوالے کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اورامن اوامان کی بحالی کیلئے سکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک میں امن بحال ہوا ہے، دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے انہیں دوبارہ سراٹھانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب،نیشنل ایکشن پلان،کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سمیت ملک کی داخلی وخارجی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورت حال اور امریکی صدر بارک اوباما کے خطے کی صورتحال بارے میں بیان کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں انٹیلی جنس بیسز پر جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کی پاکستان میں کارروائیاں بے نقاب کرنے کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے قتل وغارت،بھتہ خوری اور سٹریٹ کرائم میں عملا ً کمی آئی ہے عوام خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل کا منصوبہ ہے۔ چین کی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں،اس منصوبے سے پاکستان سمیت خطے کی تقدیر میں واضح تبدیلی آئیگی اور ہماری آ نے والی نسلیں خوشحال اور پرامن پاکستان میں زندگی بسر کریں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم امریکی قیادت کو دہشت گردی کیخلاف آپریشن میں کامیابیوں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا ذکر کریں گے۔ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بھارتی کوششوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں داخلی سلامتی کو درپیش خطرات کے سدباب کیلئے مزید وسائل مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کی پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا اور کراچی آپریشن کے مختلف پہلوﺅں پر مشاورت کی گئی۔ جنرل راحیل شریف نے شرکاءکو اپنے دورہ ترکی کی تفصیلات کے بارے میں بتایا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیوکلیئر معاملات اور دوسرے سٹرٹیجک ایشوز پاکستان کے اصولی مو¿قف سے امریکی قیادت سے ملاقات میں بھرپور اعادہ کیا جائیگا۔
وزیراعظم/ اجلاس

مزیدخبریں