اسلام آباد (اے پی پی) رُکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ منتخب جمہوری حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے 114 غیر ملکی گھوسٹ سرمایہ کاروں سے لاکھوں ڈالر فنڈ لینے کے الزام میں حکومت تحریک انصاف کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس دائر کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف غیر قانونی فنڈنگ کا کیس ہے بلکہ یہ آئینی خلاف ورزی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تحریک انصاف کی طرف سے منی لانڈرنگ کے متعلق میڈیا کو دستاویزی ثبوت بھی پیش کئے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ حکومت منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت امریکہ میں تحریک انصاف کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے اور امریکی محکمہ انصاف سے رابطہ کرنے کیلئے تمام آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے 114 غیر ملکی گھوسٹ سرمایہ کاروں سمیت سینکڑوں کمپنیوں سے لاکھوں ڈالر فنڈز لینے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان دستاویزات میں ان کمپنیوں اور گھوسٹ سرمایہ کاروں کے نام اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 275 کارپوریشنز اور کاروباری کمپنیوں کی طرف سے پی ٹی آئی کو فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف کی طرف سے پاکستان میں منتخب جمہوری حکومت کو ہٹانے کے نام پر امریکہ میں شروع کی گئی مہم کے ذریعے یہ رقم اکٹھی کی گئی ہے۔
دانیال عزیز
275 امریکی کمپنیوں سے فنڈز، عمران کے خلاف منی لانڈرنگ کیس زیرغور ہے: دانیال عزیز
Oct 17, 2015