اسحاق ڈار کا ہنگامی دورہ‘ سعودی عرب اقتصادی راہداری کا حصہ بننے کا خواہش مند

Oct 17, 2015

اسلام آباد (عترت جعفری) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا ہنگامی دورہ سعودی عرب اگرچہ لاپتہ پاکستانی حاجیوں کی تلاش کو تیز کرنے کے حوالے سے تھا تاہم حکام کے ساتھ بات چیت میں سعودی عرب نے چین پاکستان اکنامک کوریڈور کی حمایت کی اور اس میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ بتایا جائے سعودی عرب اس منصوبے کی تکمیل میں کیسے مدد دے سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے وزیر خزانہ سے کہا کہ جائنٹ اکنامک کمیٹی اور مشترکہ کمشن کے اجلاس جلد بلائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ نے سی پیک میں سعودی عرب کی شمولیت کی خواہش کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سی پیک کے تمام منصوبوں کے لئے فنڈنگ موجود ہے جبکہ اس سے ہٹ کر مختلف سیکٹرز ہیں جن میں سعودی عرب کی کمپنیوں اور اداروں کو آنا چاہئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سعودی وزیر نے ملاقات کے دوران سب سے بڑی کمپنی ”آرمکو“ کے سربراہ کو بلایا گیا اور انہیں پاکستان میں توانائی‘ پٹرولیم‘ ریفائنری کے قیام کے تمام منصوبوں کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔ سعودی حکام نے وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ سعودی عرب توانائی‘ پٹرولیم سیکٹر کے منصوبوں کے جائزہ کے لئے جلد پاکستان آئے گی یا پاکستان سے ٹیم کو سعودی عرب بلایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے سعودی حکام کو بتایا کہ پاکستان کو اب قرضے یا مالی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ ملکی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے۔ اسحاق ڈار اتوار امریکہ روانہ ہوں گے۔ وزیر خزانہ وزیراعظم کے ہمراہ نہیں جا رہے بلکہ وہ واشنگٹن پہنچنے کے بعد پاکستانی وفد میں شامل ہوں گے۔
ہنگامی دورہ

مزیدخبریں