اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے ملک کیلئے اگلے دس سالوں میں پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے 150 ارب ڈالرکے برآمدی ہدف کوحاصل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل سنٹر آف فزکس میں منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دھاتوں کے شعبے میں ہونے والی ترقی سائنس و ٹیکنالوجی کے مستقبل کی سمت کا تعین کرتی ہے۔ اس نوعیت کے سمپوزیم جہاں مختلف ممالک کے سائنسدانوں اور انجینئروں کو ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ علم پر مبنی معیشت کی ترقی کیلئے ملک کو اگلے دس سالوں میں 10 ہزار پی ایچ ڈی افراد کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے مختلف ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ علم کوریڈور بنانے کیلئے بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوان سائنس دانوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کیساتھ ملکر اگلے دس سالوں میں ملک کو پہلی 25 مضبوط معیشتوں میں شامل کیلئے کام کریں۔