اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے ۔ بھارت کے وزیراعظم نریندرا مودی کے اس بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی اپنے ”برکس اور بمسٹک“ ساتھیوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں اپنے ظلم و بربریت کو چھپانے کی مایوسانہ کوششیں کر رہی ہے،جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈا پر تسلیم شدہ تنازعہ کے طور پر موجود ہے جہاں قابض افواج روزانہ بے رحمی سے معصوم لوگوں کو مار اور زخمی کر رہی ہے۔ واضع رہے کہ مودی نے برکس سمٹ میں پاکستان کا نام لئے بغیر پاکستان کو دہشت گردی پھیلانے والا ملک قرار دیا تھا۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نسل کشی کر رہی ہے جو اپنے حق خود ارادیت کے بنیادی حق کا مطالبہ کر رہے ہیں جن کا ان سے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی متعلقہ قراردادوںمیں وعدہ کیا گیا ہے ۔جنیوا میں انسانی حقوق کمشنر ، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل، کشمیر بارے او آئی سی کنٹکٹ گروپ اور او آئی سی انڈیپنڈنٹ ہیومن رائیٹس کمیشن نے مقبوضہ کشمیر ”فیکٹ فائنڈنگ“ مشن بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ اور او آئی سی نے حق خود ارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی بھارتی کوششوں مسترد کردی ہیں۔ اقوام متحدہ نے بار بار زور دیا ہے کہ اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کرنے والے عوام کو قابض ریاستوں کی طرف سے دہشت گرد قرار نہیں دیا جاسکتا۔ پاکستان دہشت گردی کی مذمت میں ”برکس اور بمسٹک “ ممالک کے ساتھ شامل ہے اور بلا امتیاز دہشت گردی بشمول پاکستان کی سرزمین پر بھارتی ریاست کی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے عزم پر کاربند ہے ۔ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو اچھے طریقے سے تسلیم کیا گیا ہے اور دنیا کے زیادہ تر ممالک کی قیادت کی طرف سے سراہا گیا ہے۔ پاکستانی سرزمین پر بھارتی ریاستی اسپانسرڈ دہشت گردی اور دہشت کی فنانسنگ کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہےں، بدقسمتی سے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف بھارتی حکومت اپنے استبدادانہ عزائم پر عمل پیرا ہے۔ یہ عزائم بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئے خطرات کا باعث ہیں اور کسی تزویراتی غلط حساب کی وجہ بن سکتے ہیں۔عالمی برادری بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات بشمول لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے۔ پاکستان بین الاقوامی برادری خاص طور پر برکس راہنماو¾ں پر زور دیتا ہے کہ بھارت سے کشمیریوں کی خون ریزی فوری بند کرنے ، کشمیری قیادت کی رہائی اورہزاروں کشمیریوں کو طاقت کے ذریعہ اٹھانے اور بنیادی شہری سہولیات کی قلت کے ذریعہ پیدا ہونے والے انسانی بحران کو حل کرنے کے لئے کہیں۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے اور کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے۔
سرتاج عزیز
پاکستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی اور فنانسنگ کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہےں سرتاج عزیز
Oct 17, 2016