بھارت نے سارک کے فورم کو پاکستان کے خلاف اپنے سیاسی ایجنڈے کو فروغ دینے کے لئے استعمال کیا رکن ممالک کردار پر نظر ثا نی کرنا ہو گی رضا ربانی

اسلام آباد (وقائع نگار) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بھارت نے سارک کے فورم کو پاکستان کے خلاف اپنے سیاسی ایجنڈے کو فروغ دینے کے لئے استعمال کیا ہے سارک ممالک کو سارک کے کردار پر نظر ثا نی کرنا ہو گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مالدیپ کے سپیکر سے ملاقات کے دوران کہی۔ چیئرمین سینٹ نے مقبوضہ کشمیر میں ہونی والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی ظلم وستم کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ بھارتی فورسز نے تمام بین لاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں کو قتل اور سینکڑوں کو زخمی کیا ہے جو کہ انسا نی حقوق کی خلاف ورزی کی بدترین مثال ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سارک کے لئے یہ اہم ہوگا کہ مستقبل میں اس پر کسی ملک کی بھی اجارہ داری کی کوشش ناکام بنا دی جائے اس بارے میں رکن ممالک کردار ادا کریں  انہوں نے کہا کہ مالدیپ کے سپیکر کو بھارت کی جانب سے اسلام آباد میں سارک سربراہ کانفرنس کو سبوتاژ کا نوٹس لینا چاہیے۔
رضا ربانی

ای پیپر دی نیشن