صدر بنا تو بھارت کو سچا دوست ملے گا میرا، ہلیری کا منشیات ٹیسٹ کرایا جائے: ٹرمپ

Oct 17, 2016

واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے اگر وہ کامیاب ہوگئے تو بھارت کو ان کی صورت میں وائٹ ہا¶س میں ایک سچا دوست ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق ٹرمپ بھی مودی کی متعصبانہ پالیسیوں کے فین نکلے اور بھارتی نژاد امریکیوں کا ووٹ جیتنے کیلئے نیوجرسی پہنچ گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا صدارتی الیکشن میں ان کی کامیابی کے بعد امریکہ اور بھارت پہلے سے بہترین دوست ثابت ہوں گے۔ ٹرمپ نے نریندر مودی کی چاپلوسی کرتے ہوئے کہا مودی بھارت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیے ہوئے ہیں اور معاشی اصلاحات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایسے ہی اقدامات کی امریکہ کو بھی ضرورت ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی بڑی پارٹی کے صدارتی امیدوار نے ہندو کمیونٹی کی تقریب میں شرکت کی ہے۔ ٹرمپ نے ہندوﺅں اور بھارت کا بڑا پرستار ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔ موصوف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارتی کردار کے قصیدے بھی پڑھے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا اگر وہ صدر بنے تو امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت کے شانہ بشانہ ہو گا اور بھارت سے فوجی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ بھارت کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کو فروغ دینگے اور باہمی طور پر اپنے لوگوں کو محفوظ رکھیں گے۔ اس موقع پر ری پبلکن ہندو اتحاد کے سربراہ نے امریکی ہندو کمیونٹی سے اپیل کی وہ ٹرمپ کو ووٹ دیں۔ دریں اثناءنیو ہمپشائر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ریلی سے خطاب کرتے کہا ان کا اور ان کی حریف ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کا اگلے مباحثے سے قبل منشیات ٹیسٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا دوسرے صدارتی مباحثے میں ہیلری انتہائی پرجوش تھیں لیکن آخر میں وہ کار تک بھی مشکل سے پہنچیں۔ دوسری طرف ٹرمپ کیخلاف حراسیت کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ 63 سالہ کیتھی ہیلر نے ”دا گارڈین“ کو بتایا کہ 20 سال قبل ٹرمپ نے ان سے بھی دست درازی کی تھی۔ اس طرح ٹرمپ پر دست درازی کا الزام لگانے والی خواتین کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔دوسری طرف این بی سی نیوز وال سٹریٹ جرنل کے حالیہ سروے میں ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ پر 11 پوائنٹ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرے صدارتی مباحثے کے بعد 10 سے 13 اکتوبر تک کئے گئے اس سروے میں ہلیری نے 37 کے مقابلے میں 48 فیصد ووٹ حاصل کئے۔ لبرٹیرین گیری جانسن نے 7 فیصد اور گرین پارٹی کے جل سٹین نے 2 فیصد ووٹ حاصل کئے۔ صرف 2 امیدواروں میں مقابلہ کی صورت میں ہلیری نے 41 کے مقابلے میں 51 فیصد ووٹ حاصل کر کے ٹرمپ پر 10 پوائنٹ کی برتری حاصل کی۔ 1000 رجسٹرڈ ووٹوں نے فون کالز پر رائے کا اظہار کیا۔ خواتین ووٹرز کے درمیان ہلیری کو ٹرمپ پر 20 پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔ مرد ووٹرز کے درمیان ٹرمپ کو 45 کے مقابلے میں 48 فیصد ووٹ لیکر ہلیری پر 3 پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔ دریں ہندوستان ٹائمز کے مطابق ٹرمپ نے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کشیدگی کا خاتمہ اور دونوں کو اکٹھا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان بھارت کشیدگی بارود کا ڈھیر کی مانند ہے۔ دونوں ملک راضی ہوں اور ضروری ہو تو وہ دونوں ملکوں کے درمیان ثالث بننا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا ہمیں دہشت گردی کے حوالے سے بڑا مضبوط ہونا ہوگا۔
ٹرمپ

مزیدخبریں