سپریم کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمشن کو نئی بھرتیوں سے روک دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ از خود نوٹس کیس کا فیصلہ ہونے تک نئی بھرتیاں نہ کی جائیں۔چیئرمین سندھ پبلک سروس کمشن کی اہلیت سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے از خود نوٹس کیس کے فیصلہ تک کمیشن کو نئی بھرتیوں سے روکنے کا حکم دیا۔ اس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ بھرتیاں نہ کی گئیں تو سسٹم بیٹھ جائیگا۔جسٹس خلجی عارف حسین نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں کوئی سسٹم ہے یا نہیں؟ ایسے شخص کو چیئرمین لگادیا گیاہے جو مطلوبہ اہلیت نہیں رکھتا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جب تک مطمئن نہیں ہوتے کمشن کو کام نہیں کرنے دینگے، 15روز میں کوئی قیامت نہیں آجائیگی۔عدالت نے مقدمے کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی۔