کراچی (اسٹاف رپورٹر ) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے ترقیاتی کام کے باعث کے الیکٹرک کی جانب سے پیر کو گھارو اوردھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ساڑھے 14گھنٹے سے زائدبجلی کی فراہمی معطل رہی ،شیڈول کے برخلاف رات8:30 بجے تک واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں کی بجلی بحال نہیں کی جاسکی تھی جس کے باعث کراچی کے شہریوں کو 543 کر وڑ ملین گیلن سے زائدپانی فراہم نہیں کیا جاسکا ہے، ایم ڈی واٹربورڈنے دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشن کا ہنگامی دورہ کیا ،تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے ترقیاتی کام کے باعث واٹربورڈ کے دھابیجی اور گھاروپمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی پیر کی صبح 6 بجے بند کی تھی شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی شام 6 بجے بحا ل کی جانی تھی تاہم رات سا ڑھے آٹھ بجے تک بجلی بحال نہیں کی جاسکی اس سبب کراچی کو 430 ملین گیلن سے زائد پانی کی فراہمی نہیں کی جاسکی ، این ٹی ڈی سی کی جانب سے گھارو اور دھابیجی ڈسٹرکٹ میں 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کو 1320 ایم ڈبلیوپاور پلانٹس سے منسلک کرنے کیلئے پیر کی صبح کام شروع کیا گیا تھا ،کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ، سپرنٹنڈنگ انجینئر دھابیجی انتخاب احمد راجپوت اور دیگر حکام کے ساتھ پیر کی دوپہر دھابیجی اور گھاروپمپنگ اسٹیشن کاہنگامی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ نے موقع پر موجود واٹربورڈ کے افسران انجینئرز اور دیگر عملے کو ضروری ہدایات دیں، انہوںنے کہا کہ بجلی بحال ہوتے ہیں پانی کی معمول کے مطابق فراہمی یقینی بنائی جائے، نیز شہریوں کو طویل دورانیہ تک پانی کی عدم دستیابی کے اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔
کراچی پانی