لاہور(اپنے نامہ نگارسے) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اغواءکے مقدمے میں پیش ہونے پر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر (مرحوم )کے بیٹے شہباز تاثیر کے جاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت شروع ہوئی تو شہباز تاثیر نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ عدالتی احکامات کا احترام کرتے ہیں مگر بعض نجی مصروفیات کے باعث بیرون ملک ہونے پر طلبی کے احکامات موصول نہیں ہو سکے ۔جس کے باعث عدالت میں پیش ہونے میں تاخیر ہوئی لہٰذا استدعا ہے کہ وارنٹ گرفتاری واپس لینے کا حکم دیا جائے۔ جس پر عدالت نے بیان ریکارڈ کروانے کے بعد جاری وارنٹ گرفتاری کا حکم واپس لے لیا۔یاد رہے کہ عدالت نے مغوی شہباز تاثیر اور مدعی عائشہ ٹیمی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔اغواءکے مقدمہ میں دو ملزمان پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں جبکہ عدالت نے ملزم معظم اور فرہاج بٹ کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
شہباز تاثیر اغواءکے مقدمہ میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ،وارنٹ گرفتاری منسوخ
Oct 17, 2017