حافظ آباد+ ونیکے تارڑ(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) نواحی علاقہ جیلانی پورہ میں ناجائز تعلقات سے انکار پر نوجوان نے فائرنگ کر کے دو خواتین کو قتل کر دیا۔ فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ پولیس نے قتل ہونے والی خواتین کی نعشیں تحویل میں لے لیں، زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او حافظ آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام فوری طور جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نواحی گائوں ٹھٹھہ بھون کا عادل جیلانی پورہ کی زوبیہ سے ناجائز تعلقات استوار کرنا چاہتا تھا۔ وہ آدھی رات کو مقتولہ کے گھر داخل ہوااور اسے زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔انکار پر فائرنگ کر دی جس سے زوبیہ اور اس کی خالہ رضیہ موقع پر جاںبحق ہو گئیں۔ فائرنگ سے مقتولہ زوبیہ کی والدہ آسیہ بی بی شدید زخمی ہو گئی جسے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملزم عادل مقتولہ زوبیہ کو تنگ کرتا تھا۔ سٹی پولیس نے دونوں نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم اور ضروری کاروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے کرائم سین یونٹ کو فوری طلب کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دو مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔ تاہم مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں چھاپے ماررہی ہیں۔