’’نااہل قرار دئیے گئے شخص کو سیاسی جماعت کا عہدیدار بننے پر پابندی لگائی جائے‘‘ نجی ترمیمی بل سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع

Oct 17, 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پارلیمنٹ کا رکن بننے کے لئے نااہل قرار دیئے گئے شخص کو سیاسی جماعت کا عہدیدار بننے پر پابندی کے لئے اپوزیشن جماعتوں نے نجی ترمیمی بل سینٹ میں جمع کرا دئیے گئے ہیں جو23 اکتوبر 2017ء کو منعقد ہونے والے ایوان بالا کے اجلاس کے ایجنڈے پر آنے کا قوی امکان ہے جبکہ اس معاملے پر قرارداد حکومتی جواب کے لئے اس کی کاپی وزارت قانون و انصاف کو بھیج دی گئی ہے ضابطہ کار کے تحت حکومت دو ماہ میں سینٹ سیکرٹریٹ کو اس قرارداد کے بارے میں اپنے جواب سے آگاہ کرنے کی پابند ہے۔ اپوزیشن کی تمام بڑی جماعتوں کی طرف سے نااہل شخص کو سیاسی جماعت کا سربراہ بننے کی اجازت دینے کی انتخابی شق203 میں ترمیم کے بلز بھی سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروا دئیے گئے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت قرارداد کے بارے میں دو ماہ میں اپنے جواب سے آگاہ کرنے کی پابند ہے ضابطہ کار کے تحت اگر دو ماہ میں حکومتی رپورٹ نہ آئی تو اس قرارداد میں کی گئی سفارش کے حوالے سے کارروائی کرنا ضروری ہو جائے گا۔ یہ بل ایوان کی پاکستان پیپلز پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی پاکستان سمیت دیگر نے نااہل شخص کو سیاسی جماعت کا سربراہ بننے کی اجازت دینے کی شق میں ترمیم کے لئے بلز سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروا دئیے گئے چیئرمین سینٹ باقاعدہ طور پر بل کو یکجا کرتے ہوئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیں گے ۔

مزیدخبریں