لاہور (خصوصی رپورٹر+ کلچرل رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) پنجاب اسمبلی کا اجلاس دس منٹ چلنے کے بعد کورم کی نذر ہو گیا۔ پی ٹی
آئی کے رکن مراد راس نے کہا حکومت غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے ہم دو بجے سے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔ متعلقہ وزیر اور پارلیمانی سیکرٹری کی عدم موجودگی پر سپیکر نے افسوس کا اظہار کیا اور سوالات اگلے ہفتے تک ملتوی کردئیے۔ الیکشن کمشن میں گوشوارے جمع نہ کرانے پر پنجاب اسمبلی کے 84ارکان کی رکنیت معطل کردی گئی جس کی وجہ سے حکومت کورم پورا کرنے میں پہلے دن ہی ناکام رہی۔ اجلاس پہلے روز ہی تین گھنٹے پچپن منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ محکمہ ہاﺅسنگ اربن ڈویلپمنٹ کے متعلق سوالات کے جواب دیئے جانے تھے۔ سپیکر نے پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا ہی تھا کہ اپوزیشن رکن مراد راس نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا حکومت کی طرف سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ہم دو بجے سے اسمبلی پہنچے ہوئے ہیں لیکن اجلاس چار گھنٹے تاخیر سے شروع ہو رہا ہے۔ جس کے بعد انہوں نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ سپیکر کی جانب سے پانچ منٹ کےلئے گھنٹیاں بجانے کا کہا گیا لیکن کورم پورا نہ ہو سکا ۔ جس پر سپیکر نے اجلاس آج بروز منگل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔ قبل ازیں رانا ثناءاللہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوجی ترجمان کی وضاحت کے بعد جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حکومت جمہوری تقاضوں کو ہر ممکن حد تک پورا کررہی ہے۔ عمران خان اور شیخ رشید نے سیاست کو بھی اپنی طرح بدکردار بنا دیا ہے۔ بنی گالہ میں بدکرداروں کا ٹولہ رہتا ہے۔ جو ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کے منصوبے بناتا رہتا ہے۔ ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کی تعریف ان کے اچھے کاموں کی وجہ سے کی جاتی ہے۔ نواز شریف 2018ءکے الیکشن کے بعد گھس بیٹھیوں کو جواب دینگے‘ فوج اور حکومت کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ ملک کو درپیش مسائل کے حل کےلئے ہم سب ملکر کام کررہے ہیں۔ ماشل لاءکی باتیں کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں ان کا ایجنڈا صرف اپنے آقاﺅں کو خوش کرنا اور جمہوریت کے خلاف سازش کرنا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ملک میں جمہوریت کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ نواز شریف نے پاکستان کو دنیا کے اسلامی ممالک کی پہلی ایٹمی قوت بنایا تھا جس کی سزا ان کو ابھی تک مل رہی ہے۔