لاہور (خصوصی رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہر کسی کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہئے اور ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہ کریں تو بہتر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب مل کر پاکستان کی بہتری کے لئے کام کریں تو اس سے ہی ملک و قوم کا بھلا ہوگا۔ وہ گزشتہ روز این اے 122 میں چیئرمین حافظ اسعد عبید کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ قبل ازیں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر حافظ محمد نعمان، حافظ اسعد عبید، علی رضا کمبوہ و دیگر مسلم لیگی مقامی زعماء موجود تھے۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اداروں میں گرینڈ ڈائیلاگ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کے لئے عوام موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا جمہوریت کو کوئی خطرہ نہ ہونے کا بیان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں نتائج کارکردگی کی بنیاد پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی کیموتھراپی ہورہی ہے اور نواز شریف جلد وطن واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کا سوال ہے تو مجھے اس کیلئے کردار ادا کرنا پڑا تو میں اپنا کردار ادا کروں گا تاہم کسی کو بھی ایک دوسرے کی حدود میں مداخلت نہیں کرنا چاہئے اور یہی پاکستان کے لئے بہتر ہے۔