آراوز الیکشن نہیں ہونے دینگے نواز شریف سے ملاقات کیا فون پر بات بھی نہیں ہوسکتی :زرداری

لاہور (خصوصی رپورٹر + این این آئی) سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈروں سے بلاول ہائوس میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر آصف زرداری نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی سیاست کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی آنے والے الیکشن میں سرپرائز دے گی۔ اس سلسلے میں آپ لوگوں کا اہم رول ہوگا، ڈٹ کر کام کرو اور عوامی رابطے جاری رکھو۔ اجلاس کے بعد بلاول ہائوس کے باہر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آصف زرداری پارٹی کی کمزوریوں کو دور کرنے میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔ چوہدری منظور نے اخبار نویسوں کے سوالوں کے جواب میں کہا پیپلز پارٹی قبل از وقت انتخابات نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کو قومی حکومت منظور نہیں ہوگی بلکہ صرف نگران حکومت قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا انتخابات کرانا نگران حکومت کا کام ہے لیکن اس کی طے شدہ مدت بڑھائی نہیں جاسکتی۔ انہوں نے سیکرٹری الیکشن کمشن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا محض ووٹر لسٹوں کی بنیاد پر انتخابات ملتوی نہیں ہوسکتے۔ ایسی بات ہوئی تو پیپلز پارٹی مطالبہ کرے گی کہ پرانی لسٹوں پر ہی انتخابات کرا دیئے جائیں۔ این این آئی کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اب آر اوز کے الیکشن نہیں ہونے دیں گے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،2013ء کے مینڈیٹ والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکتا، ملاقات تو دور کی بات نوازشریف سے فون پر بھی بات نہیں ہو سکتی، نواز شریف خود کو بچانے کیلئے جمہوریت اور عدلیہ کو ناکام کرنا چاہ رہے ہیں، پنجاب میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ عام انتخابات کے ٹکٹ ہولڈرز اور رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ثمینہ خالد گھرکی، نوید چودھری، فیصل میر، خرم لطیف کھوسہ، بیرسٹر عامر حسن، سہیل ملک، زاہد ذوالفقار سمیت دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن اور لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا ہر نشست سے امیدوار کھڑا کیا جائے گا اور انتخابی منشور میں عوامی مسائل کو فوکس کیا جائے گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اس کے لئے رہنما او رکارکن اپنی جان لڑا دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پورا نظام تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، (ن) لیگ اداروں کے ساتھ تصادم کر کے جمہوریت کی نفی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دی ہیں، (ن) لیگ جمہوریت کو ناکام کر کے ہماری قربانیوں کو زائل کر رہی ہے۔ ہم نے تو جھوٹے مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کیا، (ن) لیگ والے مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے دھونس پر اتر آئے ہیں، نواز شریف عدالتوں میں مقدمات لڑنے کے بجائے عدالتوں سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے نواز شریف کی برائیوں کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، مفاہمت جمہوریت کیلئے تھی، نواز شریف کیلئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ہمارا تھا، آج اس کا کریڈٹ مسلم لیگ (ن) لینا چاہ رہی ہے، چین، ترکی اور ایران کے ساتھ بارٹر سسٹم کا پروگرام ہمارا تھا لیکن اسے چلنے نہیں دیا گیا۔ اپٹما کے رہنما گوہر اعجاز نے بھی سابق صدر سے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر دی نیشن