کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت نے بانی الطاف حسین سے علیحدگی اختیار کر لی۔ ندیم نصرت، بانی ایم کیو ایم کے قریبی ساتھ کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ندیم نصرت کے بانی ایم کیو ایم سے گزشتہ چند ماہ سے مالی معاملے پر اختلافات چل رہے تھے، جس میں شدت آنے کے بعد انہوں نے ایم کیو ایم لندن کو خیر باد کہہ دیا۔ علیحدگی کے بعد ندیم نصرت اہلخانہ کے ساتھ لندن سے امریکہ منتقل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واسع جلیل، انبساط ملک اور ذوالفقار حیدر سمیت ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے دیگر اہم رہنما پہلے ہی بانی کو چھوڑ چکے ہیں۔ ادھر ایم کیو ایم پاکستان نے ارم عظیم فاروقی کی تنظیمی رکنیت ختم کر دی۔ ارم عظیم فاروقی کی رکنیت نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر ختم کی گئی۔ جبکہ مقبول فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ بن گئے ۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئر مین جاوید حنیف اور فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی سمیت دیگر نامور شخصیات نے ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کیا۔ دیپک پروانی نے کہا کہ وہ ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ اس لئے بنے ہیں تا کہ کراچی میں ہونے والے کئی مسائل کا حل نکال سکیں۔
ندیم نصرت بانی متحدہ سے علیحدہ اہلخانہ سمیت برطانیہ سے امریکہ منتقل
Oct 17, 2017