لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ بنک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس کی وجہ سے تاجروں میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے، ایسے غیر منصفانہ ٹیکس نئے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی کریں اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں مزاحم ہونگے لہذا حکومت تاجروں کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ودہولڈنگ ٹیکس فورا ختم کرے۔ لاہور چیمبر میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیو صورتحال کا فوری نوٹس لیں کیونکہ ودہولڈنگ ٹیکس اور اس کے ساتھ صوابدیدی اختیارات کا بے جا استعمال کاروباری صورتحال خراب کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، امجد علی جاوا، ناصر حمید خان، طاہر منظور چودھری، فہیم الرحمن سہگل، نعیم حنیف، محمد بشیر اور صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بینکوں سے لین دین پر ٹیکس عائد کرکے حکومت نے ٹیکس وصولیوں میں اضافے کی کوشش کی لیکن اس کا فائدہ ہونے کے بجائے الٹا نقصان ہورہا ہے۔ کنونشن کے شرکاء نے کہا کہ اگر یکم نومبر تک یہ مسائل نہ ہوئے تو نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ یکم نومبر تک حل نہ ہوا تو لائحہ عمل طے کرینگے: تاجر کنونشن
Oct 17, 2017