پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) محمد پرویز ملک وزیر برائے تجارت و صنعت نے فرانسیسی کاروباری افراد اور صنعتکاروں کو پاکستان کی سرمایہ کاری کی دوستانہ پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے اور پاکستان میں توانائی، بنیادی تعمیری شعبے کی ترقی، خوراک کی پروسیسنگ، آٹوموبائل، سیاحت اور مواصلاتی نظام میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ وفاقی وزیر کا پیرس کا دورہ یورپی ممالک کے دوروں کا حصہ ہے جس کا مقصد دوطرفہ اقتصادی اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ جی ایس پی پلس کا جائزہ لینا اور اس کی حمایت طلب کرنا ہے۔ انہوں نے پیرس میں اپنے قیام کے دوران جین بپتیست لیمویوں سیکرٹری سٹیٹ، وزارت یورپ و خارجہ امور فرانس، فلپس جوتیغ صدر میڈیف انٹرنیشنل، تھیری فلملین صدر پاکستان فرانس بزنس کونسل اور ڈیڈر کلنگ صدر پیرس چیمبر آف کامرس سے علحیدہ علحیدہ ملاقاتین بھی کیں۔ وفاقی وزیر نے فرانسیسی قومی اسمبلی کا دورہ بھی کیا اور پاکستان فرانس دوستی گروپ سے ملاقات بھی کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ دوطرفہ تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تاہم موجودہ تجارتی حجم میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو 1.4 بلین تک بڑھایا جا سکے۔