سیالکوٹ گھریلو صنعت کی برآمدات سے سالانہ 2 ارب ڈالر زرمبادلہ کماتا ہے

Oct 17, 2017

اسلام آباد (اے پی پی) سیالکوٹ گھریلو صنعت کا مرکز ہے جو گھریلو صنعتوں کی 99 فیصد پیداوار کو برآمد کر کے سالانہ 2 ارب ڈالر سے زائد کا قیمتی زرمبادلہ کماتا ہے۔ ملک کی مجموعی برآمدات میں سیالکوٹ کا حصہ نمایاں ہے۔ تاجر تنظیموں، مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سیالکوٹ کو خصوصی اقتصادی زون قرار دیا جائے جس سے قومی برآمدات میں مزید اضافہ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ مختلف کاروباری تنظیموں نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں فٹ بال، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات اور موسیقی کے آلات تیار کر کے برآمد کئے جا رہے ہیں اور شہر کی مقامی گھریلو صنعت لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیالکوٹ کو خصوصی اقتصادی زون کا درجہ دیا جائے تو ملک کے تجارتی خسارے پرقابو پانے میں مدد ملے گی جبکہ اس سے روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے اور بے روزگاری کی شرح کو کم کیا جا سکے گا۔

مزیدخبریں