لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈا پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس میں صوبے سے متعلق 15 نکات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد نے پنجاب میں 100 روزہ ایجنڈا پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 100 روزہ ایجنڈا پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور مجھے خوشی ہوئی ہے کہ 100 روزہ ایجنڈا کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے 100 روزہ ایجنڈے پر پیش رفت کے حوالے سے صوبہ پنجاب میں بروقت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ تمام اہداف کو مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم کا 100 روزہ ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا مربوط پروگرام ہے اور اس ایجنڈے کے تحت بلدیاتی نظام کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے کام مکمل کر لیا گیا ہے۔نئے بلدیاتی نظام سے عوام بااختیار ہوں گے جبکہ پولیس نظام میں اصلاحات کا ایجنڈا مکمل کریں گے اور پولیس کو عوام کا خادم بنائیں گے۔ سول سروسز میں اصلاحات، محکموں میں تنظیم نو اور کفایت شعاری کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کیلئے صوبائی سطح پر بھی کمیٹی بنائیں گے اورکمیٹی کے ممبران کو رواں بجٹ سیشن میں نامزد کر دیا جائے گا۔ صحت اور تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات کا کام تیزی سے جاری ہے۔ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ لیبر پالیسی اور صنعتی پالیسی پر بھی کام ہو رہا ہے۔صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے نئے مقامات کو ڈویلپ کیا جائے گا۔ صوبائی واٹر پلان مرتب کرنے کے کام کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ غریب اور نادار افراد کی حلال رزق سے امداد کرنا دین اسلام کا اولین درس ہے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت اور افلاس میں کمی لانا انسانیت کی اعلیٰ اقدار ہے۔ غربت معاشرے میں بگاڑ اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔ معاشرے میں معاشی ناہمواری ختم کرکے غربت کے ناسور کو بہت حد تک کم کیا جا سکتا ہے-