لاہور(سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کوچ سٹورٹ لاء کو دو میچز کے لیے معطل کردیا۔ ویسٹ انڈین کوچ بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز کیران پاول کو آوٹ دینے پر غصے میں آگئے تھے اور انہوں نے ٹی وی امپائر کے کمرے میں جا کر متنازع جملے کسے اور بعد ازاں چوتھے امپائر کے پاس گئے جہاں کھلاڑیوں کی موجودگی میں ان کو برا بھلا کہا۔آئی سی سی نے ویسٹ انڈین کوچ کی حرکت پر نوٹس لیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کرتے ہوئے تین ڈی میرٹ پوائنٹس دے دیے، 24 ماہ کے دوران 4 ڈی میرٹ پوائنٹس ہونے پر سٹورٹ لاء کو بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچوں کے لیے معطل کر دیا گیا۔