ویلنٹائن ڈے توہین عدالت کیس،الیکٹرانک میڈیاکاکوڈ آف طلب

Oct 17, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر توہین عدالت کیس کی سماعت دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے الیکٹرانک میڈیا کا کوڈ آف کنڈکٹ طلب کر لیا ہے۔ عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسٹس عامر فاروق نے جیو ٹی وی چینل کے وکیل سے کہا ہے کہ بتایا جائے عدالتی فیصلہ سے متعلق کس حد تک تبصرہ کیا جا سکتا ہے۔ ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے عدالتی حکم کو جیو ٹی وی کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں زیر بحث لانے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پر نجی ٹی وی کے وکیل فیصل اقبال ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ رپورٹ کارڈ پروگرام میں ویلنٹائن ڈے کے عدالتی فیصلے سے متعلق جنرل ڈسکشن کی گئی تھی۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ پروگرام میں کیا کہا گیا تھا کہ ویلنٹائن ڈے منانا چاہئے یا نہیں؟ فیصل اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ پروگرام میں تجزیہ کاروں کی آرا کو شامل کیا گیا تھا ، آئین کے تحت اظہار رائے کی آزادی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ان سے استفسار کیا کہ عدالتی فیصلے پر کس حد تک تبصرہ کیا جا سکتا ہے اور کس حد تک نہیں؟ اس حوالے سے کیس لاء موجود اور پیرامیٹرز طے ہیں، آپ کا اپنا الیکٹرانک میڈیا کا کوڈ آف کنڈکٹ بھی ہے۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت دسمبر تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں