ڈاکٹرظفرمرزاسے افغان وزیرصحت کی تہران میں ملاقات،دوطرفہ تعاون پراتفاق

Oct 17, 2019

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کی افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر فیروزالدین فیروز سے تہران میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس دوران افغانستان کے وزیر صحت نے کابل، جلال آباد اور لوگر میں پاکستان کی جانب سے تین ہسپتالوں کی تعمیر پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہسپتالوں دونوں ممالک کی دوستی کی عکاسی کرتے ہیں افغان وزیر صحت نے کہا پاکستان کی جانب سے افغانستان میں بنائے جانے والے ہسپتال جدید اعلی اور معیاری طبی سازوسامان سے آراستہ ہیں۔ ملاقات میںدونوں ممالک کے وزارء صحت نے پولیو، متعدی اور غیر متعدی امراض کے تدارک کیلئے تعاون پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا پولیو کے تدارک کے لیے تعاون کو مزیز بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے پولیو کے سلسلے میں بین السرحدی تعاون بہتر بنانے کیلئے دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں کے متعلقہ حکام کیلئے اجلاس جلد بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کے شعبے میں غیر معیاری ادویات کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل وضع کیا جاے گا اس سلسلے میں دونوں ممالک کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی مشترکہ ٹیم تشکیل دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے بڑھتی ہوئی آبادی پر قومی مزاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی آبادی میں اضافہ قومی مسئلہ ہے جس کا حل تمام سٹیک ھولڈرز کی باہمی مشاورت سے ممکن ہے بڑھتی ہوئی آبادی پر توجہ نہ دی گئی تو اگلے تیس سالوں میں ملکی آبادی دگنا ہو جائے گی ملکی آبادی میں تیز رفتار اضافے سے معاشی ترقی کے فوائد حاصل نہیں کئے جاسکتے۔ بڑھتی آبادی پر آئیندہ دو سے تین ہفتے میں پہلی قومی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ قومی تعلیمی نصاب میں بھی اضافہ آبادی کے موضوع کو شامل کیا جائے گا انہوں نے کہا یونیورسل ہیلتھ کوریج پیکج اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا اور خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات بھی اس پیکج کا حصہ ہوں گی جبکہ ملک بھر میں معیاری مانع حمل ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا سی سی آئی کی سفارشات میں بہبودِ آبادی کیلئے دس بلین کی سفارش کی گئی ہے اور ٹاسک فورس کی پہلی میٹنگ میں سفارش کردہ فنڈز فراہم کر دیئے جائیں گے۔

مزیدخبریں