حکومت میرٹ اورشفافیت پریقین رکھتی ہے اور کامیاب جوان پروگرام کا خلاصہ میرٹ کا پروگرام ہے:وزیراعظم عمران خان

Oct 17, 2019 | 19:59

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں میرٹ اور دیانتداری کے کلچر کے فروغ کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

انہوں نے جمعرات کی شام اسلام آباد میں تحریک انصاف کی حکومت کے اہم منصوبوں میں سے ایک کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اورہماری قسمت کا انحصار ان پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اورشفافیت پریقین رکھتی ہے اور کامیاب جوان پروگرام کا خلاصہ میرٹ کا پروگرام ہے ۔عمران خان نے کہا دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو میرٹ پر عمل کرتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حضوراکرم ۖ کی جانب سے ریاست مدینہ کے قیام کے نتیجے میں مسلمانوں نے دنیا پر ایک ہزار سال سے زائد حکومت کی انہوں نے کہاکہ میرٹ ، سچائی اور دیانتداری ریاست مدینہ کی خوبیاں تھیں جن کے باعث وہ کامیاب ہوئی ۔وزیراعظم نے کہاکہ دنیا میں مسلمانوں کی ناکامی کی بڑی وجہ بادشاہت کو اپنانا اور معاشرے کو جمہوری حقوق سے محروم رکھنا تھا ۔عمران خان نے کہاکہ مغل سلطنت اس لئے ناکام ہوئی کہ اس نے میرٹ کا اصول نہیں اپنایا ۔انہوں نے نوجوانوں پرزوردیا کہ وہ حضرت محمد ۖ کی حیات طیبہ کے بارے میں پڑھیں جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے تمام فریقوں کو ملک میں جوان پروگرام کے پہلے مرحلے کے آغاز پر مبارک باد دی ۔عمران خان نے کہاکہ ملک کے جوانوں کیلئے یوتھ سکلز فاونڈیشن قائم کی جائے گی اور وہ ذاتی طورپر پروگرام کی پیشرفت کی نگرانی کریںگے۔

مزیدخبریں