آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کی انتہا پسند حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی۔
جمعرات کے روز اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کی غیر قانونی تعیناتی کے خلاف آزاد کشمیر کے تمام شہروں اور قصبوں میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے سید علی گیلانی ' میر واعظ عمر فاروق ' یاسین ملک ' شبیر شاہ' آسیہ اندرابی اور دیگر رہنمائوں کے علاوہ بھارت نواز کشمیری قیادت کو بھی نظر بند کررکھاہے۔اس موقع پر کنوینئرسیدفیض نقشبندی' عبد اللہ گیلانی اور دیگر سمیت حریت رہنمائوں نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد ظاہر کیا اور جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے احتجاجی دھرنے اور آزادی مارچ سے خوش اسلوبی سے نمٹنے پر مبارکباد پیش کی۔