لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کرونا کے کیسز بڑھنے کے باوجود اپوزیشن کو گوجرانوالہ میں جلسہ کی اجازت دی ہے۔ جس سے ایک بات ثابت ہوگئی کہ اپوزیشن کو عوام کی زندگیوں سے زیادہ اپنی سیاست عزیز ہے۔ وہ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کو بہت سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے اور جلسے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے لیکن وہ اپنی ضد پر قائم رہے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ ہمارے دو وزیر اور دو سینئر افسران گذشتہ روز کرونا سے متاثر ہو گئے۔ اگر ہم چاہتے تو پنجاب کووڈ ایکٹ کے تحت ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگا سکتے تھے لیکن ہم نے اس وقت سیاست نہیں کرنی بلکہ عوام کی جان کا تحفظ کرنا ہے۔